Thursday, June 20, 2013

عوام کے مطمئن ہونے تک فوج جنوبی وزیرستان میں رہے گی


انگور اڈہ (خبر رساں ادارے ) پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جب قبائلی علاقوں میں خوشحالی آئے گی تو کوئی بھی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہوگا۔ پاک فوج ان علاقوں میں تعمیرو ترقی میں ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے۔ جنوبی وزیرستان کو چھوڑ کر جانے والے شہری اپنے علاقوں میں واپس آجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک افغان سرحد پر قبائلی علاقہ جات میں تیسری راہداری کی افتتاح کے بعد عمائدین سے خطاب کے دوران کیا۔ آرمی چیف کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی تھے۔ جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قبائلی علاقہ جات میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے وانا سے انگور اڈہ تک 50 کلومیٹر سڑک پر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔ تیسری راہداری کیلئے وانا سے انگور اڈہ تک تعمیر 
ہونے والی اس سڑک کا افتتاح جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے دیگر منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ وانا انگور اڈہ افغانستان سے تجارت کیلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں چار ہفتے میں آپریشن مکمل کر لیا گیا تھا اور علاقہ مکینوں کے تعاون سے ہی علاقے میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے پاک فوج موجود ہے اور یہاں پر امن سے علاقے کے لوگوں کو ہی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ سڑکوں، آبپاشی اور بجلی کے منصوبوں سے علاقے کی قسمت سنور جائے گی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران جنوبی وزیرستان کو چھوڑ کر جانے والے افراد اب اپنے گھروں کو واپس آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قبائلی علاقوں میں خوشحالی آئے گی تو کوئی بھی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہوگا اور میں ضمانت دیتا ہوں کہ سڑکوں کی تعمیر سے آئندہ نسلوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ سڑکیں بنانے کا مقصد ملک کو ملانا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر سے سنٹرل ٹریڈ راہداری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وانا سے انگور اڈہ تک تعمیر کی جانے والی سڑک کو شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کا نام دے رہے ہیں۔

No comments:

Post a Comment