Sunday, June 23, 2013

کرپشن پر قابو پالیا جائے تو کسی سے قرض نہیں لینا پڑے گا: سراج الحق


پشاور (خبر رساں ادارے )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبے کی اصل دشمن کرپشن ہے ۔اس پرقابو پا لیا گیا توکسی سے قرضہ لینا نہیں پڑے گا۔اتوار کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس حسب معمول ایک گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا۔ چالیس سے زائد اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے بجٹ پر بحث کی ۔وزیر خزانہ سراج الحق نے بحث کو سمیٹتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن لیڈر سردار مہتاب اوردیگر اراکین کی پیش کردہ تجاویز پر ضرور غور کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ 132ارب روپے کا مقروض ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں روزانہ 7ارب سے 15ارب روپے کی 
کرپشن ہو رہی ہے۔ اس کرپشن کے خاتمے کے لیے ضرور اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز جو پیسہ دیتا ہے وہ خیرات نہیں بلکہ ہمارا حق ہے۔ مرکز کے ذمے جتنے پیسے بنتے ہیں وہ جلد وصول کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بہت جلد تبدیلی دیکھیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پانچ تعلیمی بورڈ وں کوایک کر دیا جائے گا ۔خیبر پختون خوااسمبلی کا اجلاس اب پیر کی شام 4بجے ہو گا ۔

No comments:

Post a Comment