Wednesday, June 19, 2013

وزارت ریلوے کا 200 سے زائد قانونی مشیروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ


لاہور (خبر رساں ادارے )وزارت ریلوے نے 283 قانونی مشیروں میں سے200 مشیروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ ادھرریلوے کےجنرل منیجر غلام محمد قریشی نے دعویٰ کیاہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔پاکستان ریلوے گزشتہ کئی برس سے مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے بدحالی کا شکار ہو چکا ہے ۔کبھی کسی ٹرین کا راستے میں ہی ڈیزل ختم ہو جاتاہے اور مسافروں کور ات جنگل میں گزارنا پڑتی ہے تو کبھی کوئی ٹرین آٹھ گھنٹے کا سفر اٹھارہ گھنٹوں میں طے کرتی ہے ۔ان حالات میں منافع تو دور کی بات ریلوے کا خسارہ قومی خزانے پر بوجھ بنتا جارہاہے۔یہی نہیں ریلوے کے پاس 1 لاکھ 66 ہزار ایکڑ زمین ہے جس میں ہزاروں ایکڑ زمین پر 
مختلف گروپ قابض ہیں ۔ زمین کو پرائیویٹ شعبے کے حوالے کر کے ریوینیو اکٹھا کیا جاسکتا ہے مگر ایسے اقدامات سرخ فیتے کی نذر ہیں۔ریلوے کے جنرل منیجر غلام محمد قریشی کا کہناہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ وفاقی بجٹ میں ریلوے کیلئے اکتیس ارب روپےمختص کئے گئے ہیں ۔ماہرین کا کہناہے کہ درست حکمت عملی سے نا صرف ریل کے پہیے کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے بلکہ زمینوں کے صحیح مصرف سے خسارے میں بھی کمی کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق قانونی مشیروں کو فارغ کرنے کا حکم وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دیا.

No comments:

Post a Comment