Wednesday, June 19, 2013

بٹل سیکٹرز: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 2 زخمی


راولا کوٹ: بھارتی فوج نے راولا کوٹ بٹل اور نیزہ پیر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک خاتون شہید جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے راولا کوٹ کے بٹل سیکٹر اور نیزہ پیر میں آرٹلری اور چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی جو کافی دیر تک جاری رہی۔ بھارتی فوج کی اس بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون شہید اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ گزشتہ شب بھی لائن آف کنٹرول پر واقع کوٹلی قصبہ کے علاقے کریلا میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک 
65 سالہ خاتون روشنی بیگم زخمی ہوگئی تھی جبکہ رواں سال 14 جنوری کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے بٹل سیکٹر میں شدید بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ چند روز قبل بھی بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور ہیڈ سلیمانکی کی حدود میں آکر 2 منٹ تک پاکستانی علاقے میں پرواز کی۔ پاک فضائیہ کے حرکت میں آنے کے بعد بھارتی طیارے واپس اپنی حدود میں چلے گئے۔ ادھر عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعہ پر متعلقہ حکام سے احتجاج کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فلیگ میٹنگ بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ایٹمی صلاحیت کے ممالک کے درمیان نومبر 2003ء میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا معاہدہ طے پایا تھا۔

No comments:

Post a Comment