Wednesday, June 19, 2013

دہشت گردی کے خلاف جنگ کی انکوائری کرائی جائے، عمران خان


اسلام آباد(خبر رساں ادارے )عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف متفقہ پالیسی بنائی جائے۔ انہوں نے نیب کو حکومت سے آزاد کرانے کا مطالبہ بھی کیا اور اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت آزاد اینٹی کرپشن سیل قائم کررہی ہے، پوری قوم ڈرون حملوں کے خلاف متحد ہوجائے اور جنرل کیانی سمیت سب مشاورت میں بیٹھیں، دہشت گردی کے خلاف متفقہ پالیسی بنائی جائے اور امریکا کو سگنل دیا جائے کہ پوری قوم متحد ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد تقریر 
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کی جنگ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کرے، ہم امریکا سے ڈالرز لے کر ان کی جنگ لڑتے رہے اور قوم سے جھوٹ بولتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل ناانصافی کے معاملوں سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں لگائے گئے ٹیکس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا گیا، حکومت نے جو ٹیکس لگائے اس سے تباہی مچے گی، ٹیکس کلچر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ کرپشن پر قابو پانے کیلئے نیب کو حکومت سے آزاد کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا میں آزاد اینٹی کرپشن سیل قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہاکہ وہ سیل وزیراعلیٰ کے ماتحت نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 90 دن میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔ عمران خان نے الیکشنز کی شفافیت پر اعتراض داغ دیا اور کہا کہ جس طرح کے الیکشن ہوئے لگتا ہے طاہر القادری ٹھیک کہتے تھے، انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کی چوری ہوئی ہے اس کا اسپیشل نوٹس لیں۔ 

No comments:

Post a Comment