Saturday, June 15, 2013


وویمن یونیورسٹی میں دہشتگردی کا واقعہ اسلام اور انسانیت دشمنی ہے،سی سی پی او
کوئٹہ:کیپٹل سٹی پولیس آفیسر میر زبیر احمد نے وویمن یونیورسٹی اور بی ایم سی ہسپتال میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کو اسلام اور انسانیت دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں عوامی تعاون کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی ایم سی ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا میر زبیر احمد نے کہا کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی بس میں دھماکہ ہوا جس میں گیارہ طالبات جاں بحق ہوئیں اور 19زخمی ہوگئیں انہیں جب ہسپتال پہنچایا گیا اور یہاں اعلیٰ افسران مریضوں کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو اڑا دیا جس کے بعد مسلح دہشت گرد وں نے اسپتال کو یر غمال بنالیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے انتہائی جرات مندی اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپتال کے ان علاقوں کو کلیئر کرالیا جن کے حوالے سے یہ شک تھا کہ یہاں 
خود کش حملہ آور موجود ہوسکتے ہیں تاہم اسپتال کے اندر آپریشن تھیٹر کے قریب جب فورسز پہنچیں تو ایک حملہ آور نے خود کو اڑا دیا فورسز کو وہ نقصان نہیں ہوا البتہ آپریشن جاری ہے ہماری کوشش ہے کہ وہاں محصور لوگوں کو محفوظ بنائیں انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا مذہب اور اسلام ہے جس میں معصوم طالبات کو ٹارگٹ کیا گیا،یہ کون سی انسانیت ہے کہ ہسپتالوں میں موجود مریضوں اور لواحقین کو مارا جائے،سارے بے گناہ ہیں ان کا کوئی قصور نہیں اس اندوہناک واقعے پر کوئٹہ کے لوگوں سے میری اپیل ہے کہ خدارا اپنے ارد گرد دیکھیں، آج جو واقعہ ان لوگوں کے ساتھ ہوا ہے جو اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ہوسکتا ہے کل یہی سب کچھ آپ کے ساتھ ہو اس لئے اپنے ارد گرد کڑی نگاہ رکھتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئٹہ اور اس صوبے کو دہشت گردی سے پاک کیا جاسکے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی تعاون کے بغیر امن دشمن اور دہشت گرد عناصر کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر جوان قیام امن کو اسی صورت ممکن بناسکتے ہیں جب عوام ان کا ساتھ دیں گے اور ان کے ساتھ تعاون کرینگے

No comments:

Post a Comment